ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر آمد کے موقع پر اسکیلیٹر اچانک بند ہونے کے واقعے پر اقوام متحدہ نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک کے مطابق صدر ٹرمپ کی آمد کے وقت ان کا ویڈیو گرافر اسکیلیٹر پر پیچھے کی جانب حرکت کر رہا تھا تاکہ تصاویر لے سکے، اور ممکنہ طور پر اسی دوران نادانستہ طور پر حفاظتی بٹن دب گیا، جس سے اسکیلیٹر خودکار طور پر بند ہو گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ حفاظتی نظام کسی شخص یا شے کے پھنسنے سے بچانے کے لیے نصب ہوتا ہے۔
واقعے کے بعد ٹرمپ نے اپنی تقریر میں طنزیہ انداز میں اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے پر مجھے صرف ایک ٹوٹا ہوا اسکیلیٹر ملا، اگر خاتون اول کی صحت اچھی نہ ہوتی تو وہ گر جاتیں
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو اسکیلیٹر بند ہونے کے بعد سیڑھیوں کے ذریعے بالا منزل تک جانا پڑا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔