ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ون ڈے میچوں کی کپتانی کے لیے محمد رضوان کی جگہ سلمان علی اغا کو شامل کرنے کی تردید کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ محمد رضوان کو کپتانی سے نہیں ہٹایا جا رہا اور نہ ہی۔ ٹیسٹ میچز کے لیے شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو شامل کرنے پر غور نہیں کیا جا رہا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق ایسا کوئی معاملہ سلیکشن کمیٹی کے پاس نہیں آیا۔ سلیکشن کمیٹی نے کسی پلیئر کی کیٹگری کو تبدیل نہیں کیا۔ کپتان اور کیٹگری کی تبدیلی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز رضوان اور شان مسعود کو کپتانی سے ہٹانے کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ون ڈے ٹیم کے کپتان کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ہیڈ کوچ نے اپنی رپورٹ چیئرمین کو جمع کروا دی، سلیکشن کمیٹی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ون ڈے ٹیم کے کپتان کے حوالے سے فیصلہ کرے گی، سلیکشن کمیٹی محمد رضوان کی بطور کپتان پرفارمنس سے مطمئن نہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ محمد رضوان سے ون ڈے کی کپتانی واپس لینے کا امکان ہے، ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹی کی کپتانی دیئے جانے پر غور ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، سعود شکیل کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلے ماہ تک نئے کپتانوں کا اعلان متوقع ہے، فی الحال مشاورت جاری ہے۔ سلیکشن کمیٹی کپتانوں کی تبدیلی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔