بھارتی آبی جارحیت:دریائےستلج اور سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ،نشیبی علاقے زیرآب

بھارتی آبی جارحیت:دریائےستلج اور سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ،نشیبی علاقے زیرآب
کیپشن: بھارتی آبی جارحیت:دریائےستلج اور سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ،نشیبی علاقے زیرآب

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف حصوں میں دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پنجاب کے ضلع لودھراں کے علاقے کہروڑپکا میں دریائے ستلج کے پانی کی سطح بلند ہونے سے کھڑی فصلیں ڈوب گئیں جبکہ سندھ میں کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کہروڑپکا اور گردونواح میں دریائے ستلج کی تیز بہاؤ کے نتیجے میں سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کاشت شدہ فصلیں زیرِ آب آگئیں۔ ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 43 ہزار 623 کیوسک جبکہ اخراج 42 ہزار 323 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ہیڈ سائفن پر آمد و اخراج 37 ہزار 858 کیوسک رہا۔ وگھہ مل پتن کے مقام پر شدید زمینی کٹاؤ سے متعدد ایکڑ تیار فصلیں دریا میں بہہ گئیں۔

انتظامیہ نے صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

دوسری جانب سندھ میں بھی دریائے سندھ میں پانی کی آمد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 7 ہزار 235 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم پر اخراج 1 لاکھ 93 ہزار 680 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بیراج کنٹرول روم انچارج کے مطابق نچلے درجے کی سیلابی کیفیت موجود ہے تاہم فی الحال تمام معاملات قابو میں ہیں۔

زرعی ماہرین کے مطابق فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ نشیبی علاقوں اور دریا کے قریب بسنے والے دیہات متاثر ہوسکتے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

Watch Live Public News