لاہور رنگ روڈ پر تمام گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں اضافہ

لاہور رنگ روڈ پر تمام گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں اضافہ

ویب ڈیسک:لاہور رنگ روڈ اتھارٹی نے لاہور رنگ روڈ کے ناردرن لوپ، سدرن لوپ اور ایسٹرن بائی پاس پر سفر کرنے والی تمام گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 16.67 فیصد اضافہ کر دیا ہے.

نئے ٹول ریٹس پر عملدرآمد رواں ہفتے کے آغاز سے ہو چکا ہے جس کے تحت مختلف اقسام کی گاڑیوں پر مختلف ٹول ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ٹول ٹیکس میں یہ اضافہ بڑھتے ہوئے انتظامی اور دیکھ بھال کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

نئے ٹول ریٹس کے تحت کاروں اور جیپوں کے لیے ٹول ٹیکس 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے، ہائی ایس اور ویگن کا ٹول 120 روپے سے بڑھا کر 140 روپے ہو گیا ہے۔

منی بسوں اور کوسٹرز کے لیے ٹول فیس 120 روپے سے بڑھا کر 140 روپے مقرر کی گئی ہے، بسوں کا ٹول ٹیکس 300 روپے سے بڑھ کر 350 روپے ہو گیا ہے۔

ہیوی گاڑیوں میں شامل لوڈر ٹرک، ڈمپرز اور 2 سے 3 ایکسل والی پک اپس کے لیے ٹول 360 روپے سے بڑھا کر 420 روپے کر دیا گیا ہے۔

تین ایکسل سے زیادہ والے ٹرک اور ٹریلرز اب 600 روپے کے بجائے 700 روپے ادا کریں گے۔
ایمبولینسز، دفاعی اداروں کی گاڑیاں، فلیگ کارز، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، جنازہ لے جانے والی گاڑیاں، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی یا کنسیشن کمپنی کی سرکاری گاڑیاں، پولیس کی گاڑیاں، صدر مملکت، وزیراعظم سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں، پاکستان کے دورے پر آنے والی غیر ملکی اہم شخصیات کی گاڑیاں اور ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کو ٹول ٹیکس سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔

Watch Live Public News