(ویب ڈیسک ) چونگ کنگ اپنی پہاڑی جغرافیائی ساخت اور پیچیدہ انفراسٹرکچر کے لیے مشہور ہے۔ یہاں دنیا کا سب سے گہرا سب وے اسٹیشن موجود ہے اور ایک معلق ریلوے لائن رہائشی عمارتوں کے درمیان سے گزرتی ہے۔ اب اسی شہر میں دنیا کا سب سے طویل آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
“Wushan Goddess Escalator” کے نام سے معروف یہ نیا منصوبہ تقریباً 905 میٹر طویل ہے جبکہ اس کی عمودی بلندی 242.14 میٹر ہے، جو تقریباً 80 منزلہ عمارت کے برابر بنتی ہے۔ اسے دنیا کا سب سے طویل آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ شاندار نظام 21 ایسکلیٹرز، 8 لفٹس، 4 موونگ واک ویز، 2 پیدل پلوں اور 2 اوور پاسز پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد ووشان کاؤنٹی کے گاوتانگ علاقے میں شین نو ایونیو کے بالائی اور زیریں حصوں کے درمیان سفر کے دورانیے کو ایک گھنٹے سے کم کر کے صرف 20 منٹ تک لانا ہے۔

بنیاد سے چوٹی تک بلندی کا فرق تقریباً 242 میٹر ہے، جبکہ پورا ایسکلیٹر سسٹم تقریباً ایک کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔
17 فروری سے اس منصوبے کا باقاعدہ آزمائشی دور شروع کر دیا گیا ہے، جس کے دوران ہر مسافر سے فی سفر 3 یوآن (تقریباً 0.4 ڈالر) وصول کیے جا رہے ہیں۔ آزمائشی مدت کے اختتام پر مقامی حکام کرایہ برقرار رکھنے یا اس میں تبدیلی کا فیصلہ کریں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ چونگ چنگ کے رہائشیوں کے لیے سفر کو زیادہ تیز، آسان اور آرام دہ بنا دے گا۔