آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں تین روز بعد بھی بند، نظامِ زندگی مفلوج

آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں تین روز بعد بھی بند، نظامِ زندگی مفلوج
کیپشن: آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں تین روز بعد بھی بند، نظامِ زندگی مفلوج

ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث شاہراہیں تیسرے روز بھی بند ہیں، جس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق سات اضلاع میں بند شاہراہوں کی بحالی کے لیے مشینری مسلسل کام کر رہی ہے۔ مظفرآباد سے پیر چناسی جانے والی شاہراہ زاہد چوک سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ ضلع نیلم میں دواریاں سے تاؤ بٹ تک شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

نیلم ویلی کے بیشتر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں برفباری کے باعث ناقابلِ آمدورفت ہیں، تاہم بند شاہراہوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔ لیپہ ویلی کی شاہراہ ریشیاں سے بند ہے، باغ سے جہلم ویلی کو ملانے والی شاہراہ سدھن گلی سے بدستور بند ہے، جبکہ باغ سے محمود گلی اور لسڈنہ جانے والی سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ پونچھ سے مظفرآباد، پونچھ سے باغ، راولاکوٹ سے تھوراڑ اور راولاکوٹ سے ہجیرہ جانے والی شاہراہیں بھی برفباری کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ سدھنوتی اور حویلی کے بالائی علاقوں کی متعدد شاہراہیں بھی تاحال بند ہیں۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ برفباری کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں دو گھر مکمل جبکہ چار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ جہلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک دکان بھی متاثر ہوئی ہے۔

Watch Live Public News