پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا
کیپشن: پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے  15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

 سلمان علی آغا پاکستان ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے۔ فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان ،عثمان طارق ، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان  خان ، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

  پاکستان 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا۔  ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے۔  آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز سے تیاری کا آغاز ہو گا۔

کپتان اور ہیڈ کوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے کہا کہ کمبی نیشن کو ذہن میں رکھ کر یہ ٹیم بنائی ہے۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ سری لنکا میں کنڈیشنز کے مطابق ہمیں کون سے کھلاڑی چاہئیں۔ حارث رؤف کو سری لنکا کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا۔ حارث رؤف کے بارے میں ہم ویسا نہیں سوچ رہے جیسا کہ سوشل میڈیا سوچتا ہے۔ حارث رؤف ایک عرصے سے ہمارے ساتھ ہیں۔ فاسٹ باؤلر کے اعتبار سے اب ریورس سوئنگ کا آپشن موجود ہے۔

کوچ اور کپتان دونوں کو لگتا ہے کہ بابر اعظم ٹیم کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ بابر اعظم کو کنڈیشنز کے حساب سے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی بھی ٹی 20 کرکٹ کو ون ڈے اور ٹیسٹ کی طرح لیتے ہیں۔ سلمان علی آغا سینئر کھلاڑی ہیں بابر بھی کپتان رہیں ہیں لگتا نہیں ٹیم میں کوئی مسئلہ ہوگا۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ کی تیاری کررہے ہیں اچھا پرفارم کریں گے۔ ہمیں سری لنکا میں ایک جگہ رہ کر کھیلنے کا فائدہ ہو گا۔ اچھی کرکٹ کھیلیں تو جیتیں گے۔ انڈیا کو چیمپئنز ٹرافی میں ایک جگہ کھیلنے کا فائدہ ضرور ہوا مگر انہوں نے بہتر کرکٹ بھی کھیلی۔ بابر اعظم کی ایشیاء کپ اور بعد میں پرفارمنس اچھی رہی۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ عثمان خان کی پاکستان ٹیم میں پرفارمنس عمدہ رہی۔ پچھلی تین اننگز میں عثمان خان ناٹ آؤٹ رہے۔ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 ٹیم کا اہم رکن ہے۔ صاحبزادہ فرحان کو بھی ہم نے وکٹ کیپر کے طور پر دیکھا۔ ہم نے خواجہ نافع کو ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر رکھا ہے۔

Watch Live Public News