ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے اڈیالہ جیل میں پاور آف اٹارنی پر دستخط کرانے کی اجازت طلب کی ہے۔
علیمہ خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے دستخط شدہ پاور آف اٹارنی کی ضرورت ہے، جس کے لیے وکلاء نے ضروری دستاویزات جیل حکام کے حوالے کیں، تاہم وہ تاحال واپس نہیں کی گئیں۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد یہ فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جانا ہے، جو عمران خان کا قانونی حق ہے۔ اس کے لیے پاور آف اٹارنی پر دستخط ناگزیر ہیں، اور وقت کی کمی کے باعث فوری اجازت درکار ہے۔
علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جیل حکام کو ہدایت دی جائے کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کرانے کی اجازت دیں تاکہ اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت کے اندر قانونی کارروائی مکمل ہو سکے۔