ویب ڈیسک: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں میں ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ ایران پر کی گئی بمباری انتہائی تباہ کن تھی، اور یہ کہنا کہ حملے کا اثر محدود تھا، دراصل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابیوں کو کمزور دکھانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر اس کی ایٹمی صلاحیت کو جڑ سے ختم کر دیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا، خاص طور پر سی این این، نے ابتدائی انٹیلی جنس رپورٹس کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران کا جوہری پروگرام صرف چند ماہ پیچھے گیا ہے اور بیشتر سینٹری فیوجز اور یورینیم کے ذخائر محفوظ رہے ہیں۔