خواتین کی نازیباویڈیوزبناکربلیک میل کرنیوالا 3بہن بھائیوں پر مشتمل گروہ گرفتار

خواتین کی نازیباویڈیوزبناکربلیک میل کرنیوالا 3بہن بھائیوں پر مشتمل گروہ گرفتار
کیپشن: خواتین کی نازیباویڈیوزبناکربلیک میل کرنیوالا 3بہن بھائیوں پر مشتمل گروہ گرفتار

ویب ڈیسک: خواتین کو بلیک میل کرنے والے تین بہن بھائیوں پر مشتمل گروہ کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) راولپنڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر اخلاقی ویڈیوز، تصاویر اور چیٹ کے ریکارڈ بھی برآمد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق حکام کا کہناہےکہ راولپنڈی میں دو سگی بہنوں اور ایک بھائی پر مشتمل ایسے گروہ کا انکشاف سامنے آیا جس میں بہنیں پہلے سادہ لوح لڑکیوں  سے دوستی کرتیں اور پھر  اپنے بھائی سے ان کا تعارف کرواتیں اور  پھر تینوں مل کر انھیں نفسیاتی جال میں پھانس کر ان کی نجی زندگی کو نشانہ بنانے کے لیے قربت بڑھنے پر غیر اخلاقی نوعیت کی ویڈیوز اور تصاویر خفیہ طور پر تیار کرتے  بعد ازاں،  مواد کو لیک کرنے کی دھمکی دے کر متاثرہ افراد سے مالی مطالبات کیے جاتے۔

یہ کارروائی ایک متاثرہ خاتون کی جانب سے دی گئی درخواست پر کی گئی، جس پر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمود الحسن ستی کی ہدایت اور سرکل انچارج ندیم احمد خان کی نگرانی میں مکمل انکوائری کے بعد الزامات ثابت ہونے پر فوری ایکشن لیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں تسمیہ فاروق، سائمہ نرین اور محمد عامر شامل ہیں، جن کے خلاف پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی جدید ڈیجیٹل ٹریکنگ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ممکن ہوئی۔ ضبط شدہ موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، اور مزید ممکنہ ملزمان کی نشاندہی تفتیش میں متوقع ہے۔

Watch Live Public News