پاکستان اور امریکاکے درمیان تجارتی مذاکرات، اگلے ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق

پاکستان اور امریکاکے درمیان تجارتی مذاکرات، اگلے ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق

(ویب ڈیسک ) پاکستان اور امریکاکے درمیان تجارتی مذاکرات، اگلے ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق کرلیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکا کے سیکریٹری برائے تجارت، ہاورڈ لُٹنِک کے مابین باہمی ٹیرفس (reciprocal tariffs)  سے متعلق ورچوئل میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ دو طرفہ میٹنگ 24 جون 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 8 بج کر 30 منٹ پر ہوئی۔

میٹنگ کے دوران دونوں فریقین نے جاری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا، فریقین نے تجارتی مذاکرات کو آئندہ ہفتے تک خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

تجارتی معاہدے کے بعد باہمی مفادات پر مبنی ایک جامع شراکت داری تشکیل دی جانے پر بھی اتفاق کیا گیا، یہ شراکت داری اسٹریٹجک اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے گی۔

دونوں ممالک کے لیے یکساں فوائد کے حصول کے لیے گفتگو کا محور تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی روابط کو مزید گہرا اور مؤثر بنانے پر تھا۔

اس ضمن میں تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔  دونوں ممالک نے جلد از جلد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

Watch Live Public News