(ویب ڈیسک ) ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے جوہری تنصیبات کی سلامتی کی ضمانت ملنے تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے ) کے ساتھ تعاون معطل کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق بل پر عمل درآمد کے لیے اب اسے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی منظوری درکار ہوگی۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے پارلیمنٹ کے 221 ارکان نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا ہے ، بل کے خلاف کسی رکن نے ووٹ نہیں دیا جبکہ صرف 1 رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
ایرانی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے بل کے تحت اس وقت تک آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک ان تنصیبات کی سیکیورٹی کی ضمانت فراہم نہ کی جائے۔
اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں اور امریکی بمباری کے بعد ایران میں حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں کیے گئے وعدوں کو محدود کرے۔