ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کو ایک اہم سیاسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سابق رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد نے دوبارہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد پارٹی قیادت نے انہیں مظفرآباد کے حلقہ نمبر 2 لچھراٹ سے انتخابی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔
چوہدری شہزاد کی پارٹی میں واپسی کے موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما سردار شاہجہان نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے اس پیشرفت کو مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک اہم سیاسی تقویت قرار دیا۔
سیاسی حلقوں میں چوہدری شہزاد کو لچھراٹ کی سیاست کا ایک بااثر اور مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 2016 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم 2021 کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی، جہاں انہیں انتخابی میدان میں کامیابی نہ مل سکی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چوہدری شہزاد کی مسلم لیگ (ن) میں واپسی نے حلقہ نمبر 2 لچھراٹ کی انتخابی فضا کو مزید گرم کر دیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں ان کا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی سے متوقع ہے، جس کے باعث یہ نشست آزاد کشمیر کی اہم ترین انتخابی معرکہ آرائیوں میں شامل ہو سکتی ہے۔
مبصرین کے مطابق اس حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ چکی ہے اور دونوں بڑی جماعتیں اپنی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں، جس کے باعث لچھراٹ کا انتخابی مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔