ویب ڈیسک: برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سمندر میں تجارتی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، جبکہ کیئر سٹارمر نے سعودی ولی عہد کو اضافی دفاعی فوجی ساز و سامان کی تعیناتی سے بھی آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے مسلسل حملے، جن میں اہم قومی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک قابلِ عمل منصوبے پر کام کر رہا ہے تاکہ اہم بحری راستوں سے تجارتی سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی طاقتیں خطے میں استحکام کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہی ہیں۔