مسجد میں پہلی بار برابری کا احساس ہوا، بھارتی اداکار جے کا اسلام قبول کرنے سے متعلق اہم انکشاف

مسجد میں پہلی بار برابری کا احساس ہوا، بھارتی اداکار جے کا اسلام قبول کرنے سے متعلق اہم انکشاف
کیپشن: مسجد میں پہلی بار برابری کا احساس ہوا، بھارتی اداکار جے کا اسلام قبول کرنے سے متعلق اہم انکشاف

ویب ڈیسک: بھارت کی جنوبی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جے نے اسلام قبول کرنے کے اپنے سفر سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میں جا کر انہیں پہلی بار حقیقی برابری کا احساس ہوا۔

تامل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی مذہبی اور روحانی زندگی کے مختلف مراحل پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے 2019 میں اسلام قبول کرنے کی تصدیق کی تھی، تاہم وہ 2011 سے اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہو رہے تھے۔

اداکار جے کے مطابق انہوں نے روحانی سکون کی تلاش میں مختلف مذاہب کا مطالعہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں انہوں نے سبری مالا یاترا کے لیے مالا بھی پہنی، جبکہ کچھ عرصہ عیسائیت کی جانب بھی مائل رہے۔ تاہم بعض مندروں میں پیش آنے والے ناخوشگوار رویوں اور توہین آمیز تجربات نے انہیں مایوس کیا۔

جے نے کہا کہ ان کی زندگی میں اہم موڑ اُس وقت آیا جب وہ پہلی بار مسجد گئے۔ ان کے بقول،
“میں نے دیکھا کہ سب لوگ ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر نماز ادا کر رہے تھے۔ سب جانتے تھے کہ میں ایک اداکار ہوں، لیکن مسجد کے اندر کسی نے مجھ سے خصوصی برتاؤ نہیں کیا۔ باہر آنے کے بعد لوگوں نے نہایت احترام سے بات کی اور کسی نے تصویر لینے کی کوشش بھی نہیں کی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کے ماحول نے انہیں بہت متاثر کیا کیونکہ وہاں شہرت یا سماجی حیثیت کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں رکھا جاتا۔
“وہاں صرف خدا کو سب سے بڑا سمجھا جاتا ہے۔ چاہے کوئی کتنا ہی مشہور کیوں نہ ہو، سب برابر ہوتے ہیں۔ یہ میرے لیے ایک بالکل منفرد تجربہ تھا۔”

اداکار کا کہنا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی شخصیت، سوچ اور زندگی کے انداز میں نمایاں تبدیلی آئی۔

واضح رہے کہ جے نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2002 میں تھلاپتی وجے کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم سے کیا تھا، جس کے بعد وہ تامل سنیما کا معروف نام بن گئے۔

Watch Live Public News