ویب ڈیسک: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی سمیت دیگر پانچ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا اور انہیں اگلی سماعت پر ویڈیولنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیسز کی سماعت کی، جبکہ سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور زاہد شبیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روکنے کے احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر تک متعلقہ مقدمات میں نہ صرف بانی پی ٹی آئی بلکہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری بھی نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے دونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہونے یا ویڈیولنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی۔
عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں دیے جا سکے، جس پر عدالت نے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل اور مبینہ جعلی رسیدوں سمیت متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ درج ہے۔