ویب ڈیسک: دبئی نے 2026 تک کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ منظور کر لیا ہے، جس کی مالیت 302.7 ارب درہم (82.41 ارب ڈالر) ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دبئی کا تین سالہ بجٹ خطے کی معیشت کی مضبوطی اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ یو اے ای کی سرکاری خبر ایجنسی نے بتایا کہ دبئی کی آمدنی میں پانچ فیصد اضافے کے ساتھ 329.2 ارب درہم (89.63 ارب ڈالر) متوقع ہے، جو کہ ایک سرپلس بجٹ کی علامت ہے۔
رپورٹس کے مطابق، 2026 تک دبئی کے اخراجات کا تخمینہ 99.5 ارب درہم لگایا گیا ہے، جبکہ اسی عرصے میں 107.7 ارب درہم کی آمدنی کی توقع ہے۔
دبئی کے اس بجٹ کا تقریباً 48 فیصد سڑکوں، پلوں، اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے بنیادی انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ سماجی شعبے کے لیے 28 فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ یہ اقدام دبئی کی پائیدار ترقی اور شہریوں کی زندگی کی معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔