(ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر شدید بمباری کی ہے۔حملے میں انصاراللہ کے رہنماؤں اور ہتھیاروں کے گوداموں سمیت 11 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ یہ حملہ یمن کی جانب سے اسرائیلی ساحلی شہر ایلات پر ڈرون حملے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔یمن کے ڈرون حملے میں 20 سے زائد اسرائیلی زخمی ہوئے تھے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے اہداف میں حوثیوں کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز، سکیورٹی اور انٹیلی جنس کمپاؤنڈز اور فوجی کیمپ شامل تھے۔
ادھر اسرائیلی وزیرِ دفاع کاٹز نے ایکس پر کہا کہ ’ہم نے صنعا میں حوثی دہشت گرد تنظیم کے کئی ٹھکانوں پر طاقتور وار کیا ہے‘۔
غیر ملکی میڈیا نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے صنعا کے جنوبی اور مغربی علاقوں پر کیے گئے،حملے کے وقت انصار اللہ کے رہنما عبدالملک الحوثی کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر ہو رہی تھی۔