9 مئی کیسز کا جیل ٹرائل دوبارہ مؤخر، فردِ جرم کیلئے نئی تاریخ طے

9 مئی کیسز کا جیل ٹرائل دوبارہ مؤخر، فردِ جرم کیلئے نئی تاریخ طے
کیپشن: 9 مئی کیسز کا جیل ٹرائل دوبارہ مؤخر، فردِ جرم کیلئے نئی تاریخ طے

ویب ڈیسک: 9 مئی کے واقعات سے جڑے مقدمات کی اڈیالہ جیل میں سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی، تاہم عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے نئی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شیخ رشید، سرکاری وکیل اور ملزمان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ مقدمے میں نامزد افراد کو کیس کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی روبکار پر حاضری لگا دی گئی، جبکہ دیگر ملزمان کی جانب سے جمع کروائی گئی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔

عدالت نے 9 مئی کے تین مقدمات میں فردِ جرم کے لیے 3 مئی کی تاریخ طے کر دی جبکہ باقی 10 مقدمات کے چالان آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے 13 مقدمات کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔

شیخ رشید کی میڈیا ٹاک

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطلی بھارت کا گھمنڈ ہے۔ ہمارے 100 اندرونی معاملات ہوں گے، مگر پاکستان کی سلامتی کے لیے پوری قوم ایک ہے۔ پاکستانی قوم پاکستان کے لیے زندہ ہے پاکستان کے لیے جان دیں گے۔ پاکستان کی سلامتی کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

Watch Live Public News