ویب ڈیسک: شدید گرمی کے موسم میں بچوں کے لیے خوشخبری، محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں میں یکم جون سے گرمیوں کی چھٹیاں دی جائیں گی۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگر گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تو شیڈول میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، اور چھٹیاں ممکنہ طور پر ایک ہفتہ پہلے شروع کی جا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بچوں، والدین اور اساتذہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ شدید موسم بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں سال بہ سال اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے اثرات تعلیم، صحت اور معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر ہر جگہ محسوس کر رہا ہے اور پاکستان بھی ان خطرات سے محفوظ نہیں۔ گلوبل وارمنگ نے نہ صرف موسم کے معمولات کو درہم برہم کیا ہے بلکہ قدرتی آفات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔