وزیراعظم آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

وزیراعظم آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج صوبہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آج صوبہ سندھ میں روہڑی، سکھر، کوٹ ڈجی، فیض گنج اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے نمائندے اور سکھر کی انتظامیہ وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور مدد کے لئے جاری کاموں پر بریفنگ دیں گے۔ دوسری جانب مون سون کی نہ رکنے والی شدید بارشوں کے سبب دریائے سوات اور بحرین کے مقام پر سیلابی ریلہ کئی عمارتوں کو بہا لے گیا ہے جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث برساتی پانی گھروں اور کالام کی تاریخی مسجد میں بھی داخل ہو گیا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سوات موٹروے کو دوبارہ بند کردیا گیا ہے جبکہ مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مدین اور بحرین کے درمیان سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کی وجہ سے مدین بحرین روڈ ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند ہے، اسلام آباد، پشاور سے آنے والے ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے گزارا جا رہا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔