ویب ڈیسک: لاہور کے نجی اسکول میں استادنےچھٹی جماعت کے طالب علم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مقدمہ طالب علم کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کا بیٹا فہد رزاق نجی اسکول میں چھٹی جماعت کاطالب علم ہے جہاں ایک ٹیچر ثمر عباس نے اسے تھپڑوں اور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقدمے کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ استاد کے مبینہ تشدد سے بچے کے نازک حصوں پر نشانات پڑگئے اور وہ تیز بخار میں مبتلا ہوگیا۔ اس بابت اسکول پرنسپل کو بھی شکایت کی گئی تاہم انہوں نے بھی سنوائی نہیں کی۔
پولیس نے ملزم ثمر عباس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا اور مزید تفتیش کیلئے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔