ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں بیشتر مقامات پر جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں تیز اور موسلا دھار بارش کی توقع ہے جس کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، لاہور، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، خانیوال، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کوہاٹ، خیبر، مانسہرہ، بونیر، اورکزئی، کرم، ہنگو اور وزیرستان میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے علاقوں بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، آوران اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ہے جبکہ سندھ کے شہروں سکھر، خیرپور، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

Watch Live Public News