(ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزرے گا۔
کمشنر لاہور ،گجرانوالہ، ملتان ،ساہیوال ،فیصل آباد اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک پانی مسلسل دریائے راوی میں داخل ہو رہا ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 46 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی سے ملحق اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات کردی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔مساجد کے ذریعے اعلانات کے ذریعے شہریوں کو ممکنہ صورتحال بارے آگاہ کیا جائے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔ہنگا می صورتحال میں شہری انتظامیہ سے تعاون کریں۔ احتیاطی تدابیر سے نقصان سے بچا جا سکتا ہے، شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے بھی راہنمائی لے سکتے ہیں۔