یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی سمگلر گرفتار

یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی سمگلر گرفتار

(ویب ڈیسک ) فیڈرل  انوسیٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی جانب سے  بڑی کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے   یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عیشاء فاطمہ اور اشتہاری عبداللہ شہزاد شامل ہیں۔

خاتون انسانی سمگلر عیشاء فاطمہ یونان کشتی حادثے جبکہ اشتہاری ملزم عبداللہ شہزاد سال 2023 میں پیش آنے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ عیشاء فاطمہ نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوایا۔ متاثرہ شہری کو یونان کشتی حادثے میں ریسکیو کر لیا گیا تھا۔گرفتار ملزمہ نے مجموعی طور پر متاثرہ سے 45 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

ملزم عبداللہ شہزاد کے خلاف گجرانوالہ سرکل میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم عبداللہ شہزاد سال 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے۔

ملزم نے متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک یونان بھجوانے کے لئے فی کس 29 لاکھ روپے بٹورے، اشتہاری ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔ ملزم نے متاثرہ شہریوں کو پہلے لیبیا بھجوایا۔ بعد ازاں ملزم نے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ سال 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق  ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ 

ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا ہے کہ   یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔  ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ  کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔  ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔ 

Watch Live Public News