'پوری سیاسی اشرافیہ میرے خلاف ہے، میرے دشمن طاقتور ہیں'

'پوری سیاسی اشرافیہ میرے خلاف ہے، میرے دشمن طاقتور ہیں'
لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری سیاسی اشرافیہ میرے خلاف ہے، میرے دشمن طاقتور ہیں، اقتدار سے باہر رکھنے کے لیے دھاندلی کی جا سکتی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا اگر پی ٹی آئی اقتدار میں واپس آتی ہے تو اس کے پاس آئی ایم ایف پر انحصار کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا، حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہو گا اور فوری فیصلے کرنا ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کو اقتدار میں واپس آنے کے بعد غیرمعمولی پالیسیاں بنانا ہوں گی، ہمیں سری لنکا جیسی صورتحال کا خدشہ ہے، اقتدار میں واپس آئے تو شوکت ترین کو دوبارہ وزیر خزانہ مقرر کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری حکومت کے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بہترین تعلقات تھے لیکن جو بائیڈن کے منتخب ہونے کے بعد ان تعلقات کو دھچکا لگا، جو بائیڈن اقتدار میں آئے تو میں نے کسی وجہ سے ان کی جانب سے ہچکچاہٹ محسوس کی۔ عمران خان کے مطابق پاک امریکا تعلقات اس لیے خراب ہوئے کیونکہ امریکا کو افغانستان سے انخلا کا الزام عائد کرنے کے لیے کسی کی ضرورت تھی۔ سابق وزیر اعظم نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ان کی حکومت ایک آزاد خارجہ پالیسی پر عمل کرے گی جو کسی ایک ملک پر انحصار نہ کرے. عمران خان نے کہا کہ پوری سیاسی اشرافیہ میرے خلاف ہے، اس وقت مجھے ڈر ہے کہ میرے دشمن طاقتور ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں اقتدار سے باہر رکھنے کیلئے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی جا سکتی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔