(ویب ڈیسک ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت دو ارکان کی مدت ملازمت آج ختم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دیگر دو ارکان نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی کی مدت ملازت آج باضابطہ طور پر ختم ہوگئی ہے۔ تاہم، آئین کے آرٹیکل 215 (1) میں حالیہ ترمیم کے تحت یہ تینوں اراکین اپنی خدمات جاری رکھیں گے جب تک کہ ان کے متبادل کی تقرری نہ ہوجائے۔
الیکشن کمیشن کے دو ارکان بابر حسن بھورانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ خان اپنی مدت 31 مئی 2027 تک مکمل کریں گے۔
خیال ر ہے کہ سکندر سلطان راجہ اور ان کے ساتھی اراکین کی پانچ سالہ مدت 27 جنوری 2019 کو شروع ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت کو مختلف انتخابی مسائل اور تنازعات پر شدید عوامی تنقید کا سامنا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں کے انتخاب میں تاخیر پر بھی تنقید کی گئی۔