ویب ڈیسک: برطانوی حکومت نے ملک میں کم از کم اجرت میں نمایاں اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کا اطلاق آئندہ سال اپریل 2026 سے ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 21 سال اور اس سے زائد عمر کے ملازمین کی کم از کم فی گھنٹہ اجرت میں 4.1 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی تنخواہ 12.71 پاؤنڈ فی گھنٹہ مقرر ہوگی۔
اسی طرح 18 سے 20 سال کے ورکرز کی اجرت میں 8.5 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 10.85 پاؤنڈ فی گھنٹہ کردیا گیا ہے۔
حکومت نے 16 اور 17 سالہ نوجوانوں کی کم از کم تنخواہ میں بھی 6 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد یہ اجرت 8 پاؤنڈ فی گھنٹہ ہوگی۔
برطانوی چانسلر نے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ روزمرہ اخراجات میں اضافہ برطانیہ میں محنت کشوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، اور بہت سے لوگ اب بھی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اسی لیے یہ تبدیلی ناگزیر تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کم از کم اجرت میں اس اضافے سے لاکھوں ورکرز کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔