(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر فارورڈ بلاک کے 5 وزراء کی جانب سے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے 5 وزرا نے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں چوہدری رشید، یاسر سلطان، چوہدری ارشد، چوہدری اخلاق اور سردار محمد حسین شامل تھے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے پانچوں وزرا نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
فریال تالپور نے رہنماؤں کا خیرمقدم اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی سچی نمائندہ جماعت رہی ہے۔
علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے وزیرہائرایجوکیشن ظفراقبال ملک بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔ جس کے ساتھ ہی پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے ارکان اسمبلی کی تعداد 23 تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری نے آزادکشمیر میں عدم اعتماد لانے اور آزادکشمیر میں حکومت بنانےکی منظوری دی تھی۔
آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی میں حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی کو 27 اراکین کی حمایت درکار ہے جب کہ قانون سازاسمبلی میں اِس وقت پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 17 ہے جو مزید 6 ارکان کے شامل ہونے کے بعد 23 ہوگئی۔