ویب ڈیسک: معروف ایشیائی گلوکارہ نے خود سوزی کرلی، انھوں نے اسٹوڈیو میں خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی۔
غیرملکی میڈیا روپورٹس کے مطابق نیپال کی معروف گلوکارہ نیتو پاڈیل جنھوں نے 17 اکتوبر کو خود کو آگ لگائی تھی بالآخر وہ برن سینٹر میں چند دن موت اور زندگی کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی جنگ میں ہار گئیں۔
نیپالی گلوکارہ نیتو پاڈیل نے اپنے مبینہ محبوب اور موسیقار بابل گیری کے اسٹوڈیو میں خود پر پیٹرول چھڑک کر یہ اقدام کیا تھا، انھیں فوی طور پر شدید جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری رہا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ نیتو پاڈیل کا جسم 75 فیصد تک جل چکا تھا، گلوکارہ کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی تاہم وہ 8 دنوں بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔
نیتو پاڈیل اپنے محبوب بابل گیری کے اسی اسٹوڈیو کے نیچے واقع ایک کافی کیفے بھی چلاتی تھیں، کیفے میں میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ آتے جاتے رہتے تھے۔
نیتو پاڈیل 7 سال سے موسیقار اور گلوکار بابل گیری سے تعلق میں تھیں، تاہم گزشتہ کچھ ماہ سے دونوں کے درمیان شادی کے معاملات پر اختلافات چل رہے تھے۔
ان کے دوستوں کا کہنا ہے کہ بابل کسی دوسری خاتون سے تعلقات کے باعث نیتو پاڈیل سے شادی کو مسلسل ٹال رہے تھے جس کی وجہ سے ان میں اختلافات سامنے آئے تھے۔
نیپالی گلوکارہ نیتو کے بھائی گھنیش پاڈیل نے بابل گیری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جس پر تفتیش کے لیے انھیں تھانے طلب بھی کیا گیا ہے۔