بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار، عام اینٹینا کو خفیہ ڈیوائس سمجھ بیٹھے

بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار، عام اینٹینا کو خفیہ ڈیوائس سمجھ بیٹھے
کیپشن: بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار، عام اینٹینا کو خفیہ ڈیوائس سمجھ بیٹھے

ویب ڈیسک: بی جے پی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 2 افراد نے کولکتہ کے جنوبی علاقے میں واقع ایک عمارت کے اندر وائرلیس ڈیوائس خفیہ طور پر نصب کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما شوبھندو ادھیکاری نے دعویٰ کیا کہ دو کشمیری نوجوانوں نے کولکتہ کے جنوبی علاقے میں باروپور کی ایک عمارت کی چھت پر ”ہائی پرفارمنس“ وائرلیس ڈیوائس خفیہ طور پر نصب کی۔

شوبھندو ادھیکاری نے وائرلیس ڈیوائس کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک اینٹینا دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم بی جے پی رہنما کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا کیونکہ ان افراد کا تعلق کشمیر سے نہیں تھا اور اینٹینا دراصل بھارتی ٹیلی کام کمپنی ’جیو‘ فائبر انٹرنیٹ کنکشن کا حصہ تھا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’مجھے کسی نے اطلاع دی کہ دو کشمیری افراد نے اپنی عمارت کی چھت پر نانو بیم 2AC وائرلیس نیٹ ورک برج نصب کی ہے، جو ہائی اسپیڈ، طویل فاصلے کے وائرلیس انٹرنیٹ کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ میں ڈی جی پی اور این آئی اے سے درخواست کرتا ہوں کہ اس کی تحقیقات کریں اور دیکھیں کہ اس میں کوئی مشکوک سرگرمی تو شامل نہیں۔‘

تاہم، چند گھنٹوں کے اندر بی جے پی رہنما شوبھندو ادھیکاری کی پوسٹ پر ایکس نے کمیونٹی نوٹ کے ذریعے باروپور پولیس کا بیان شیئر کیا جس میں ان کے الزامات کو مسترد کیا گیا۔ پولیس نے واضح کیا کہ دونوں افراد، جن میں سے ایک ہندو اور دوسرا مسلم تھا، کا تعلق کشمیر سے نہیں بلکہ مدھیہ پردیش سے ہے۔ وہ تقریباً تین ہفتے پہلے باروپور میں ایک فلیٹ کرائے پر لے کر آئے تھے، اور وہ پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے۔

پولیس کے مطابق وہ تقریباً ایک سال قبل کولکتہ منتقل ہوئے تھے جنہوں نے باروپور میں ایک دو بیڈ روم کا اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تھا۔

یہ واقعہ جموں و کشمیر کے پاہلگام میں دہشت گرد حملے کے پس منظر میں ہوا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے ایک کا تعلق مغربی بنگال سے تھا۔

Watch Live Public News