مرزا بلال سے پہلی بار ملاقات کہاں ہوئی؟ ریحام نے بتا دیا

مرزا بلال سے پہلی بار ملاقات کہاں ہوئی؟ ریحام نے بتا دیا
ریحام خان نے اپنی تیسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرزا بلال سے پہلی بار ملاقات کہاں ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے بتایا کہ میری شادی سادگی سے ہوئی تھی کیوںکہ ہم دونوں کی ہی خواہش تھی کہ شادی سادگی اور آسانی سے ہو تاکہ لوگ بھی اس بات کو سمجھیں کہ شادی کو مشکل نہ بنایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کا تعلق کراچی سے ہے ، وہ اردو اسپیکنگ فیملی سے ہیں جو کہ کئی عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں ۔مرزا بلال بیگ سے پہلی ملاقات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ بلال سے میری پہلی ملاقات امریکا کے دورے کے دوران ہوئی تھی اور اس ملاقات میں مجھے لگا کہ بلال اور مجھ میں بہت سی چیزیں ایک جیسی ہیں، باقی اللہ کی مرضی کیوں کہ وہی جانتا ہے کہ کب اور کیسے کچھ ہونا ہے کیوں کہ سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہی ہوتا ہے ۔ ریحام خان نے کہا کہ مرزا بلال سیٹل میں رہائش پذیر ہیں اور سیٹل کی ایک بہت بڑی گلوبل کمپنی کیلئے کام کرتے ہیں، بلال شوقیہ بنائی گئی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں، ماضی میں ماڈلنگ سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں لیکن پروفیشنل ہونے کی وجہ سے شوبز کو وقت نہیں دے پائے اور اب میں ان کی حوصلہ افزائی کروں گی کہ وہ شوبز کے لئے وقت نکالیں۔ تیسری شادی کے بعد ہونے والی تنقید سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ناقدین کے پاس تو تنقید کے علاوہ کوئی کام ہوتا ہی نہیں ہے لیکن میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا جائز کام شرعی طریقے کے مطابق کیا ہے اور مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے کیوںکہ مجھے اپنی زندگی اپنے اصولوں کے مطابق گزارنی ہے ۔ شادی میں بچوں کی شرکت اور بیٹے کے بطور نکاح میں وکیل بننے سے متعلق ریحام خان کا کہنا تھا کہ مجھے بچوں کی سپورٹ ہمیشہ ہی حاصل رہی لیکن کیوں کہ اب تینوں بچے خود مختار ہیں لہٰذا اب بچوں کے حوالے سے میری ذمہ داری پہلے جیسی نہیں رہی ہے ، بیٹا بڑا ہے اس لیے وکیل کا فرض نبھایا تاہم پہلی بار بچے میری شادی میں شریک ہوئے کیوں کہ دوسری شادی کے وقت بچے چھوٹے تھے اور ساتھ نہیں تھے اب بچوں کے صلاح مشورے سے شادی کی اور انہوں نے بڑوں کی طرح سپورٹ کیا ۔ شادی کے بعد کہاں رہیں گے ؟ اس سوال کے جواب پر ریحام خان نے کہا کہ ہم دونوں کا تعلق پاکستان سے ہی ہے اور ہم دونوں کو ہی پاکستان سے بے حد محبت ہے اس لیے میں جس طرح پاکستان میں شادی سے پہلے اپنا وقت گزارتی رہی ہوں اس میں اور میرے کام میں کوئی فرق نہیں آئے گا، مجھے بلال کی سپورٹ بھی حاصل ہے لیکن ایسا نہیں ہے میں کہیں اور بلال کہیں اور رہیں اس کے ساتھ پاکستان آنا جانا رہے گا.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔