(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے پیر کو حکومت سے ایک بار پھر نئے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کا یہ مطالبہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کے اس مطالبے کے جواب میں حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما عمر ایوب نے پیر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’15 جنوری 2025 کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے خط لکھا تھا۔
’سکندر سلطان راجہ کی مدت کل (26 جنوری 2025) ختم ہو گئی ہے۔ ان کے پاس کام جاری رکھنے کا اب کوئی اخلاقی اختیار نہیں ہے۔ انہیں اور دو ’ریٹائرڈ‘ کمشنرز کو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔‘
عمر ایوب نے سپیکر سے کہا کہ وہ اس ’اہم آئینی تقاضے‘ کو پورا کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیں۔
سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں گذشتہ سال پاکستان کے چپقلش کا باعث بننے والے عام انتخابات منعقد ہوئے تھے جو ملک بھر میں موبائل نیٹ ورکس کی بندش، انٹرنیٹ سروس کی معطلی اور نتائج میں تاخیر سے متاثر ہوئے تھے۔