ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل

ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل
کیپشن: ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل

ویب ڈیسک: چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز – ملٹری) نے آج آرمی آڈیٹوریم میں سیول سروسز اکیڈمی کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کے زیر تربیت افسران سے ملاقات کی۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زیر تربیت افسران حالیہ دنوں میں پاکستان آرمی کی فارمیشنز کے ساتھ منسلک رہے، جہاں انہوں نے کشمیر، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے امن اور آپریشنل علاقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس دوران ان افسران نے پاک فوج کی تینوں سروسز کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے دیکھا اور قیمتی تجربات حاصل کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات ایک قومی سطح کے وسیع تر اقدام کا حصہ تھی جس کا مقصد سول اور عسکری قیادت کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور باہمی افہام و تفہیم کو گہرا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیرنے قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ادارہ جاتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ قومی مقصد کو پاکستان کی اسٹریٹیجک و ترقیاتی منزل کے حصول کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شفاف، اہل اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار سول بیوروکریسی کو ریاستی نظام کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ ترین معیارات کو اپنائیں۔

آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ CTP کے شرکاء نے سینئر عسکری قیادت سے ملاقات اور پاک فوج کی اسٹریٹیجک سوچ، آپریشنل تیاری اور قومی ترقی میں اس کے متنوع کردار سے براہ راست آگاہی حاصل کرنے کے اس موقع کو سراہا۔

یہ دورہ سوال و جواب کے ایک تعمیری سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جو کہ باہمی ذمہ داری، قومی خدمت کے جذبے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم کا عکاس تھا۔

Watch Live Public News