ویب ڈیسک: پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کو ایک اور اہم اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے انہیں انٹرنیشنل پینل سے ترقی دے کر ایمرجنگ امپائرز پینل میں شامل کر لیا ہے۔
50 سالہ راشد ریاض وقار اتوار سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ وہ ہرارے میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اس تقرری کے ساتھ ہی راشد ریاض وقار پاکستان کی جانب سے مردوں کے ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کرنے والے 34ویں امپائر بن جائیں گے، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
راشد ریاض وقار سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے 12 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر میں 50 میچز کھیلے، جبکہ بطور امپائر اب تک مردوں اور خواتین کی بین الاقوامی وائٹ بال کرکٹ کے 118 میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے اکتوبر 2018 میں دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنل میچ سے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور اب پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرنے جا رہے ہیں۔