لاہور: چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے داسو پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ چیئرمین کا دورہ داسو پراجیکٹ کے چینی انجینئرز کو پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کے پس منظر میں تھا۔
چیئرمین واپڈا کا چینی تعمیراتی کمپنی کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ کیا۔ چیئرمین واپڈا کے دورے کا مقصد داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی تھا۔ چینی سفیر اور چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت گزارا۔
انہوں نے چینی انجینئرز کو پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پرچینی ورکرز سے دکھ اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ امید ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے داسو سمیت واپڈا منصوبوں پر سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ چیئرمین واپڈا کی پانی اور پن بجلی منصوبوں کی تعمیر میں چین کی تعمیراتی کمپنیوں کی بھی تعریف کی۔