ویب ڈیسک: پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ کی اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم میں کاسٹنگ کے حوالے سے بھارتی پروڈیوسر ادتیہ دھار نے انکشافات کردیے۔
فواد خان پاکستان ڈراما اور فلم انڈسٹری میں اپنے فن کا لوہا منوا چکے ہیں اور بالی ووڈ کی دنیا بھی ان سے انجان نہیں کیونکہ وہ فلم 'خوبصورت' اور 'اے دل ہے مشکل' میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا کر سب کے دل جیت چکے ہیں۔
گزشتہ سال سے فواد خان کی سالوں بعد بالی ووڈ میں واپسی کے حوالے سے خبریں زیرِگردش رہیں اور اب ادیتیہ دھار نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ان کی فلم 'دھوم دھام' جس میں یامی گوتم اور پراتیک گاندھی مرکزی کرداروں میں ہیں، اصل میں 'رات باقی' کے نام سے بنائی جا رہی تھی اور اس میں کترینہ کیف اور فواد خان کو ساتھ کاسٹ کیا جانا تھا۔
ویڈنگ تھیمڈ ایکشن کامیڈی 'دھوم دھام' کو ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر او ٹی ٹی پر ریلیز کیا گیا۔ اس فلم میں یامی گوتم اور پراتیک گاندھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں۔
'رات باقی' 2016 میں بننے والی تھی جس میں کترینہ کیف اور فواد خان مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے۔ اس کا پلاٹ بالکل وہی تھا جو حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'دھوم دھام' کا ہے۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک گفتگو میں ادتیہ دھار نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ وہی کہانی ہے۔
ادتیہ دھار نے 'دھوم دھام' کے بارے میں ایک اور دلچسپ بات شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ 'انڈین میچ میکنگ' کی سیما تپاریہ نے اس فلم کے لیے ایک سین شوٹ کیا تھا۔
'دھوم دھام' 14 فروری 2025 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی۔ جسکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر یوں بیان کی گئی کہ اپنی شادی کی رات ایک عجیب جوڑا ایک افراتفری کے عالم میں پھنس جاتا ہے جہاں انہیں غنڈوں اور پولیس سے بچتے ہوئے 'چارلی' کے پراسرار راز کا پیچھا کرنا ہوتا ہے۔
دریں اثنا فواد خان کی آخری ہندی فلم 'اے دل ہے مشکل' 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔ وہ اب بالی وڈ میں رومانوی کامیڈی فلم 'ابیر گلال' کے ساتھ واپسی کرنے جا رہے ہیں جس میں وہ وانی کپور کے ساتھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔