وزیر اعظم کانارویجن ہم منصب سےرابطہ،فلسطین کو ریاست تسلیم کرنےکاخیر مقدم

وزیر اعظم کانارویجن ہم منصب سےرابطہ،فلسطین کو ریاست تسلیم کرنےکاخیر مقدم
کیپشن: وزیر اعظم کانارویجن ہم منصب سےرابطہ،فلسطین کو ریاست تسلیم کرنےکاخیر مقدم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے ہم منصب جوناس گہر سٹور سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ رابطے میں رہنے اور جلد ہی ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ناروے کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ بہادر فلسطینی عوام کیلئے امید اور یکجہتی کا مضبوط پیغام دے گا جو اسرائیل کی بربریت اور ظلم و جبر کو برداشت کر رہے ہیں، امید ہے کہ ناروے کا فیصلہ دوسرے ممالک کو بھی پیروی کرنے کی ترغیب دے گا، جس سے ریاست فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی راہ ہموار ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے رفح اور غزہ کے حوالے سے آئی سی جے کے حالیہ فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور اس پر مکمل اور موثر عمل درآمد کرنے، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے حوالے سے دو ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ عالمی برادری کو اپنی توجہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جو کہ گزشتہ ساڑھے 7 دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان اور ناروے کے درمیان ایک اہم رابطہ قائم کرنے اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے میں پاکستانی نژاد نارویجن باشندوں کے کردار کا اعتراف کیا اور اپنے نارویجن ہم منصب کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

Watch Live Public News