ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،دوست اور برادر ممالک کے تعاون سے خطے میں طویل مدتی امن حاصل کرنے کی امید ہے، خطے میں طویل مدتی امن، کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے انتہائی اہم ہے.
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امریکہ کی بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفودسے نیو یارک میں ملاقات کی ،جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فائنانس، مشروبات، مینو فیکچرنگ، ادویات، آرگینک پراڈکٹس اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور حکومت کے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو اعتماد میں لیا۔
شہبازشریف کاکہناتھاکہ پاکستان امریکا بزنس کونسل اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اسلام آباد و واشنگٹن کے درمیان بہترین پل ہیں،پاکستان امریکا تعلقات گزشتہ ایک سال کے دوران بہت بہتر ہوئے ہیں،ہماری معیشت اب مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے
وزیراعظم نے کہاکہ خلیج کا بحران ہمارے لیے ایک مشکل مرحلے پر آیا،پاکستان میں بڑے پیمانے پر ساختی اور پالیسی سطح کی اصلاحات کی جا رہی ہیں،معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے، ٹیکنالوجی اور ای گورننس پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی بے پناہ استعداد موجود ہے، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے، جدید زرعی آلات کے استعمال سے اخراجات میں کمی اور کارکردگی میں اضافہ ممکن ہے، کان کنی اور معدنیات بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کا اہم شعبہ ہے،
وزیراعظم نے وفد سےملاقات کرتے ہوئے کہاآئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق اقدامات ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،بندرگاہوں اور جہاز رانی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بھرپور استعداد موجود ہے،نجکاری آپ کی دلچسپی کا ایک اہم شعبہ ہے۔
شہبازشریف کاکہناتھاکہ پی آئی اے کی نجکاری ہو چکی ہے، نئے مالکان جو پاکستانی ہیں، اس میں بہتری لائیں گے،پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی بھی نجکاری کرنے جا رہے ہیں،حکومت کا کام نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنا اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے