وزیراعظم کا حافظ نعیم الرحمٰن سے رابطہ، احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست

وزیراعظم کا حافظ نعیم الرحمٰن سے رابطہ، احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست
کیپشن: وزیراعظم کا حافظ نعیم الرحمٰن سے رابطہ، احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست

ویب ڈیسک:  وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے امریکا سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے وطن واپسی پر حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات اور پہلے سے بہتر ریلیف دینے کی پیش کش بھی کی۔

ترجمان کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم سے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور لیوی کے خاتمے تک احتجاج سے دست بردار نہیں ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے تاہم وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی درخواست پر لانگ مارچ میں چند روز کا وقفہ دینے کے معاملے پر جماعت اسلامی کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج ملتان میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ ٹرین مارچ بھی ملتان پہنچ چکا ہے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا فون حافظ نعیم الرحمٰن کے ملتان پہنچنے پر موصول ہوا۔

Watch Live Public News