ایران میں انڈا ’سلیبریٹی‘ بن گیا، مہنگائی کے خلاف منفرد احتجاج

ایران میں انڈا ’سلیبریٹی‘ بن گیا، مہنگائی کے خلاف منفرد احتجاج
کیپشن: ایران میں انڈا ’سلیبریٹی‘ بن گیا، مہنگائی کے خلاف منفرد احتجاج

ویب ڈیسک: عام طور پر لوگ پسندیدہ شخصیات کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں، لیکن ایران میں آج کل انڈے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن چکا ہے۔

اس منفرد ٹرینڈ کی وجہ ایران میں بڑھتی مہنگائی ہے، جہاں انڈا بھی کئی لوگوں کے لیے مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صارفین انڈوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرکے بڑھتی قیمتوں کے خلاف طنزیہ انداز میں احتجاج کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تہران میں ایک انڈے کی قیمت تقریباً 4,600 سے 8,000 تومان تک پہنچ چکی ہے۔ دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کی قدر بڑھنے سے بھی ایرانی گھرانوں پر معاشی دباؤ بڑھا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک مشیر نے مہنگائی کی شدت کی مثال دیتے ہوئے حال ہی میں بچوں کے ڈائپرز کی قیمت 8 لاکھ 60 ہزار تومان تک پہنچنے کا ذکر کیا۔

مہنگائی کے خلاف سنجیدہ نعروں کے بجائے ایرانی سوشل میڈیا صارفین نے طنز کا راستہ اپنایا اور انڈے کو ہی ’ سلیبریٹی‘ بنا ڈالا۔

Watch Live Public News