امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،مودی کے اشتعال انگیز بیان پر پاکستان کا شدید ردعمل

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،مودی کے اشتعال انگیز بیان پر پاکستان کا شدید ردعمل
کیپشن: امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،مودی کے اشتعال انگیز بیان پر پاکستان کا شدید ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے راجستھان میں ایک جلسے کے دوران پاکستان مخالف بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، اشتعال انگیز اور خطرناک قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے یہ ریمارکس نفرت پر مبنی، حقائق سے ہٹے ہوئے اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی دانستہ کوشش ہیں۔ پاکستان نے ایسے بیانات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی سفارتی اصولوں کے خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی نے حالیہ خطاب میں پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑتے ہوئے براہ راست دھمکی دی تھی کہ "اگر امن سے نہیں جیو گے تو میری گولی ہے۔" اس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کسی خودمختار ریاست کو فوجی کارروائی کی دھمکی دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی کوششوں میں ہمیشہ متحرک رہا ہے اور بھارت کا یہ دعویٰ کہ پاکستان دہشتگردی کی پشت پناہی کرتا ہے، حقیقت کے برعکس اور گمراہ کن ہے۔ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس قسم کی سیاسی چالاکیاں کرتا رہا ہے۔

پاکستان نے بھارتی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ ہوش مندی، ذمہ داری اور خطے میں امن و استحکام کو مقدم رکھے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستانی قوم اور افواج ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے جنگی بیانیے کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

Watch Live Public News