ویب ڈیسک: بلوچستان کے خشک سالی کے شکار اضلاع کے رہائشیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دسمبر میں صوبے بھر میں گرج چمک کے ساتھ بھرپور اور مسلسل بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جو پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان رکھتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 سے 10 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بڑا اور طویل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارش سے صوبے میں جاری خشک سالی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
کن اضلاع میں بارشیں ہوں گی؟
محکمے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ ان اضلاع کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوگا جہاں خشک سالی نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہوا تھا۔ ان اضلاع میں ژوب، شیرانی،موسیٰ خیل،بارکھان،کوہلو،سبی،لسبیلہ اور آواران شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ میں بھی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بالائی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی
ادارے نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے، جو موسم کو مزید سرد کر دے گی اور پہاڑی علاقوں میں ٹریفک و روزمرہ سرگرمیوں پر اثر ڈال سکتی ہے۔
زرعی شعبے پر مثبت اثرات
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں بارانی علاقوں کی فصلوں کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوں گی، جبکہ زیرِ زمین پانی کی سطح میں بھی بہتری آئے گی۔ مجموعی طور پر متوقع بارشیں صوبے میں جاری خشک سالی کا خاتمہ لانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔