ٹرمپ سے ملاقات حوصلہ افزا رہی، امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، وزیراعظم

ٹرمپ سے ملاقات حوصلہ افزا رہی، امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، وزیراعظم
کیپشن: ٹرمپ سے ملاقات حوصلہ افزا، امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

نیوجرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، اے آئی، آئی ٹی اور کرپٹو پر بات چیت ہوئی اور امریکا تجارت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم نے ٹیرف معاہدے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمتوں کا درست تعین کیا جائے گا اور پاکستان امریکا تجارتی معاہدے باہمی مفاد میں ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ سعودی عرب گئے اور وہاں شاندار استقبال کیا، 40 سال میں ایسا استقبال نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ چند سال قبل ملکی حالات مشکل تھے، جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت بھی معاشی چیلنجز تھے، مہنگائی 32 فیصد تھی لیکن اب ڈیڑھ سال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو پالیسی ریٹ 22.5 فیصد تھا، آج 11 فیصد ہے۔

وزیر اعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان کا عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 24 سے 25 میں 38.5 ارب ڈالر ملک میں بھیجے ، اس وقت ملک کی معاشی صورتحال مائیکرو لیول پر مستحکم ہے۔

Watch Live Public News