ویب ڈیسک: ایشیا کپ اور غیر ملکی لیگز کے میچز پر آن لائن جوا کروانے والے تین بکیز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوہر ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان عمران، عماد اور اسلام کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان نے پاک بھارت ایشیا کپ فائنل میچ پر جوا لگایا ہوا تھا۔
ملزمان کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فون اور ایک لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں پر بھی شرطیں لگاتے تھے۔ ملزمان نے مختلف موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے جوا کھیلنے کا انکشاف کیا۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔