’میں شوہر کو چھوڑ دونگی، لیکن بلی کو نہیں‘ عدالت میں انوکھا کیس

’میں شوہر کو چھوڑ دونگی، لیکن بلی کو نہیں‘ عدالت میں انوکھا کیس

ویب ڈیسک: عام طور پر طلاق کے معاملات جہیز یا گھریلو تشدد جیسے سنگین وجوہات کی بنا پر ہوتے ہیں، مگر بھارتی ریاست کے شہر بھوپال میں جانوروں کی لڑائی کو لے کر ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس پر میاں، بیوی نے ایک دوسرے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق اس جوڑے کی شادی دسمبر 2024 میں ہوئی، عدالت کی ہدایت پر صلح صفائی کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اب قانونی طور پر الگ ہونے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق شوہر بھوپال کے رہائشی اور ایک آئی ٹی پروفیشنل ہیں، جو گھر سے کام کرتے ہیں جب کہ بیوی کا تعلق شمالی ریاست اتر پردیش سے ہے اور وہ بھوپال میں ملازمت کرتی ہیں۔ آغاز میں ان دونوں کے تعلق کی بنیاد جانوروں سے ان کی محبت ہی تھی۔

لیکن جس چیز نے کبھی انہیں ایک دوسرے کے قریب کیا، اب وہی ان کے درمیان تنازعے کا مرکزی نقطہ بن چکی ہے۔

 بیوی نے یہ الزام لگایا کہ ان کے شوہر کا کتا بار بار ان کی بلی کو پریشان کرتا ہے اور اس پر حملہ بھی کر چکا ہے۔ اس صورت حال نے انہیں بلی کی حفاظت کے حوالے سے انتہائی پریشان کر دیا ہے۔ انہوں نے اس صورت حال کو ’ناقابلِ برداشت‘ قرار دیا۔

 کتا ’ان کی بلی پر مسلسل بھونکتا ہے، جس سے وہ خوف زدہ اور ذہنی دباؤ کا شکار رہتی ہے اور کبھی کبھی کھانا کھانے سے بھی انکار کر دیتی ہے۔‘ 

شوہر نے جواب میں کہا کہ شادی سے پہلے یہ طے ہوا تھا کہ بیوی اپنے تمام پالتو جانور ساتھ نہیں لائیں گی۔ اس کے باوجود وہ اپنے والدین کے گھر سے بلی لے آئیں،  بلی ’متعدد بار کتے پر تشدد کر چکی ہے۔‘

 میاں بیوی میں صلح کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد دونوں خاندان مداخلت کر چکے ہیں اور عدالت میں صلح صفائی کے متعدد سیشن ہو چکے ہیں، لیکن میاں بیوی میں سے کوئی بھی اپنے پالتو جانور سے جدا ہونے کے لیے تیار نہیں۔

دونوں میں صلح کروانے والے شیل اوستھی نے کہا کہ ’ہم نے اس جوڑے کو کئی بار سمجھانے کی کوشش کی مگر بیوی اپنی بلی چھوڑنے پر آمادہ نہیں۔ ہم یہ شادی بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘

 یہ معاملہ بڑھتی ہوئی سماجی تنہائی کے ماحول میں جانوروں پر بڑھتے جذباتی انحصار کے گہرے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے،  جب میاں بیوی صورت حال کے ساتھ سمجھوتا کرنے سے انکار کردیں تو ایسی شادیاں ٹوٹ جاتی ہیں۔ 

Watch Live Public News