ویب ڈیسک: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پاکستان کے انسداد دہشت گردی مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معاملات کو سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ حل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ چین خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا گہری نظر سے جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور چین نے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین، پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں اس کا مکمل ساتھ دیتا ہے۔ وانگ ای کے مطابق پاک بھارت کشیدگی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔