ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار

ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار
اسلام آباد: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کی ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ایپکس کمیٹی نے زراعت/لائیو سٹاک، کان کنی/معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے گذشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) اقدام کے تحت مثبت تحرک جاری رکھنے کے لئے ایس آئی ایف سی کی چوتھی ایپکس کمیٹی کا نگراں حکومت کی قیادت میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔ کابینہ نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات کا مکمل جائزہ لیا جس میں اہم شعبوں میں پیشرفت اور اس طرح بہت کم وقت میں حاصل کی گئی کامیابیاں شامل ہیں۔وزیر اعظم نے بھرپور ہم آہنگی کو حاصل کرنے کے لئے ایک اشتراکی "پورے حکومتی نقطہ نظر" کے ذریعے ایس آئی ایف سی کے موثر کام کی تعریف کی۔ ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور برادر/دوست ممالک کے ساتھ جاری مصروفیات کو سراہا جس میں مملکت سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی (آئی او ایف سی ) کے اعلیٰ سطحی وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔ ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔ ایپکس کمیٹی نے زراعت/لائیو سٹاک، کان کنی/معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے گذشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پہلے سے حاصل کئے گئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نشاندہی کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لئے پالیسیوں کے تسلسل کے لئے نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔