ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر بڑھتی ہوئی سیلابی صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا ہے۔ بھارتی آبی جارحیت کے بعد اس وقت دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ آج دوپہر تک دریائے راوی سے دو لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کشتی میں سوار ہو کر سیلابی پانی کا معائنہ کرنے موقع پر پہنچیں، جہاں ریسکیو اور انتظامی حکام نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کے تحفظ اور بروقت انخلا کے لیے انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا کشتی ميں سیلابی صورتحال کا جائزہ@MaryamNSharif pic.twitter.com/tSpcCWOFzB
— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 28, 2025
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تھا۔ اس دوران انہیں موجودہ صورتحال اور جاری ریسکیو آپریشن سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ریلیف کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ادھر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں اب تک 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ریسکیو ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وقت سیاست یا الزام تراشی کا نہیں بلکہ قوم کے طور پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جانی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر ریسکیو ادارے چوبیس گھنٹے متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔