ویب ڈیسک: چین میں دنیا کی تیز ترین میگنیٹک لیویٹیشن (میگ لیو) ٹرین نے دو سیکنڈ میں 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔ یہ ٹرین اتنی تیز تھی کہ آنکھ جھپکتے ہی نظروں سے اوجھل ہو گئی۔
چین کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اس کامیاب تجربے کا اہتمام کیا، جس میں تقریباً 1,000 کلوگرام وزن والی گاڑی کو کم وقت میں غیر معمولی رفتار تک پہنچایا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران ٹرین نے رفتار حاصل کرنے کے بعد خود کو محفوظ طریقے سے روک لیا۔
یہ ٹرین سپر کنڈکٹنگ میگنیٹس کے ذریعے پٹڑی سے اوپر معلق رہتی ہے، جس کی بدولت رگڑ مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں رفتار میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہوتا ہے۔
اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم گزشتہ دس برس سے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی تھی۔ یاد رہے کہ جنوری 2025 میں ایک سابقہ تجربے میں اس ٹرین نے 648 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔
یہ کامیابی چین کی جدید ترین ٹیکنالوجی اور ریسرچ میں اہم پیشرفت کو ظاہر کرتی ہے۔